10 نومبر 2011 - 20:30

بحرین کے ممتاز شیعہ عالم دین نے عرب لیگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے بحرین میں آل خلیفہ رژیم کے ظلم و ستم پر اسکی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کی ہے۔

ابنا: بحرین کے ممتاز شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے آج بحرین کے شہر "دراز" کی مسجد امام جعفر صادق علیہ السلام میں نماز جمعہ کے خطبے میں عرب لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور بحرین میں آل خلیفہ رژیم کے ظلم و ستم پر اسکی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عرب لیگ کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو بحرین کے مظلوم بچوں اور خواتین کی چیخ و پکار کیوں سنائی نہیں دے رہی؟۔آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرین میں عوامی انقلاب اور آل رژیم حکومت کی جانب سے طاقت کے کھلے استعمال پر عرب لیگ کے رویے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک آنکھ رکھنے والا شخص بعض حقائق کو دیکھتا ہے اور بعض کو نہیں دیکھ سکتا، عرب لیگ کی موجودہ صورتحال بھی ایسی ہی ہے جسے ایک ملک میں حکومت کا ظلم و ستم نظر آتا ہے لیکن دوسرے ملک میں نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ آل خلیفہ رژیم کے مخالف گروہوں سے ملاقات کرنے سے کترا رہی ہے، اس نے خواتین، مساجد اور قرآن کریم کی بے حرمتی اور بحرینی قوم کے امن و امان کی نابودی کو بالکل نظرانداز کر رکھا ہے اور مظلوم خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار کو نہیں سن رہی۔بحرین کے ممتاز شیعہ عالم دین اور سیاسی رہنما نے تاکید کی کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں خداوند عالم سے ہی مدد اور فتح کی درخواست کرنی چاہئے، ہم خدا کے علاوہ کسی اور کا دامن نہیں تھامیں گے اور خدا پر ہی توکل اور بھروسہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکے باوجود عرب لیگ کی جانب سے غیراخلاقی موقف اپنانے پر اسکا محاسبہ ہونا چاہئے، عرب لیگ کو اپنی مجرمانہ خاموشی کی بابت خدا کے سامنے جواب دینا ہو گا۔............/169